9 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:6
لاہور، زین قتل کیس ،مزید 3 گواہ اپنے بیانات سے منحرف
جیو نیوز - لاہور ..... لاہور میں زین قتل کیس کے مزید تین گواہ اپنے بیانات سے منحرف ہو گئے ،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سماعت 12اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زین قتل کیس کی سماعت شروع ہو ئی تو وقوعے کے تین اور گواہوں سخاوت ، اشرف اور ارشداپنے بیانات سے منحرف ہو گئے ۔قتل کے مرکزی ملزم مصطفیٰ کانجو کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔
زین قتل کیس میں اب تک نو گواہ اپنے بیانات سے منحرف ہو چکے ہیں ۔مقدمے کے مدعی ،مقتول کے ماموں سہیل افضل سمیت چھ گواہ پہلے ہی منحرف ہوچکے ہیں ۔مقدمے کا مرکزی ملزم مصطفیٰ کانجو سابق وزیر مملکت صدیق کانجو کا بیٹا ہے ۔
آٹھ ماہ قبل کیولری گراؤنڈ لاہور میں دو گاڑیوں میں معمولی ٹکر کے بعد فائرنگ سے نویں جماعت کے طالب علم زین کو قتل کر دیا گیا تھا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔