تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 20:4

حلقہ این اے 122 میں ہونے والے پچھلے تین انتخابات کے نتائج

جیو نیوز - لاہور........لاہور کے حلقہ این اے 122 میں ہونے والا ضمنی انتخاب ایک بڑے انتخابی معرکے کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف دونوں ایک دوسرے کو ہرانے کے دعوے کررہی ہیں۔

حلقہ این اے 122 لاہور پانچ کی موجودہ حد بندی 2002 میں کی گئی۔ 2002 کے الیکشن میں اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق نے 37 ہزار 531 ووٹ لےکر کامیابی حاصل کی تھی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 18 ہزار 638 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ پیپلزپارٹی کے چودھری غلام قادر 17 ہزار 561 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آئے ۔

2008 کے انتخابات میں بھی سردار ایاز صادق 79 ہزار 506 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ۔ پیپلز پارٹی کے عمر مصباح الرحمان 24 ہزار 963 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ تحریک انصاف نے 2008 کے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔

2013 کے الیکشن میں سردار ایاز صادق 93 ہزار 389 ووٹ لے کر جیتے ۔عمران خان 84 ہزار 517 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ 2013 میں اس حلقے سے عمران خان 8 ہزار 872 ووٹوں کے فرق سے ہارے تھے۔

تاہم 22 اگست کو سردار ایاز صادق کے خلاف الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ آنے کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی جس پر اب 11 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونے جارہا ہے ۔ ضمنی انتخاب میں اصل مقابلہ سردار ایاز صادق اور تحریک انصاف کے علیم خان کے درمیان ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.