تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
10 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:3

این اے122اور این اے 144 میں کل انتخابی معرکہ ہوگا

جیو نیوز - لاہور....... این اے122 اور این اے 144 میں کل انتخابی معرکہ ہوگا ۔ ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ اسٹیشنوں پر سامان کی ترسیل فوج کی نگرانی میں جاری ہے، کل پولنگ بھی فوج کی نگرانی میں ہوگی ۔

لاہور میں این اے 122 اور پی پی 147 کے ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ سامان کی ترسیل کا کام شروع ہو گیا۔ فوج کی نگرانی میں یہ سامان پولنگ اسٹیشنز پر پہنچایا جا رہا ہے ۔

اسلامیہ ہائی اسکول خزانہ گیٹ میں بیلٹ پیپرز ، باکسز ، مہریں ،سیاہی اور دیگر انتخابی سامان ذخیرہ کیا گیا ہے ، پولنگ اسٹیشنز کا عملہ اپنا اپنا انتخابی سامان لینے کے لیے اسکول پہنچ رہے ہیں ۔انتخابی سامان پولنگ عملے میں تقسیم کیا جا رہا ہے جہاں سے فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز کو پہنچایا جا رہا ہے۔اس موقع پر اسکول کے اطراف تمام سڑکیں خاردار تار لگا کر بند کردی گئی ہیں۔ اسکول کے باہر نصب واک تھرو گیٹ سے صرف پولنگ عملے کو اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے ۔

پنجاب پولیس نے لاہور اور اوکاڑہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات کیلیے حتمی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔سیکیورٹی پلان کو چار مختلف حصوں اور مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے ۔پنجاب پولیس کے حکام کے مطابق لاہور اور اوکاڑہ کے 494 پولنگ اسٹیشنز پر 8 ہزار 688پولیس افسر اور اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

ضمنی الیکشن کیلیے ترتیب دئیے گئے سکیورٹی پلان کے تحت لاہور اور اوکاڑہ کے انتخابی حلقوں کی سکیورٹی کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیاہے۔کسی ہنگامی صورت حال یا پارٹیوں میں کسی جھگڑے سے نمٹنے کے لئے اینٹی روئٹ فورس کی 10 ٹیمیں ا سٹینڈ بائی رہیں گی۔

پولنگ اسٹیشنز پر ایس پی کی نگرانی میں ٹیمیں گشت کریں گی۔کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بکتر بند گاڑی موجود رہے گی۔پلان کے چوتھے حصے کے تحت ریسکیو کی ایمبولیسنز بھی اسٹینڈ بائی رکھی جائیں گی ۔الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق آرمی کے دستے بھی پولنگ اسٹیشنز پر موجود رہیں گے، این اے 122 میں 117 عمارتوں میں 284 پولنگ اسٹیشنز ہونگے۔ ان میں 101 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.