10 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 14:20
پاکستان کا خصوصی معاشی زون خطرناک سمندری حدود سے باہر قرار
جیو نیوز - کراچی........ پاکستان کے خصوصی معاشی زون کو بحری قزاقی کے انتہائی خطرناک سمندری حدود سے باہر قرار دے دیا گیا۔ سمندری علاقے پر نظر ثانی کے بعد پاک بحریہ نے نئی حدود جاری کردیں جن کا اطلاق یکم دسمبر2015 سے ہوگا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے وزارتِ خارجہ کے ساتھ مل کر پاکستان کے خصوصی معاشی زون کو اِس علاقے سے نکالنے کیلئے متفقہ کوششیں کیں۔کونٹیکٹ گروپ آف پائریسی آف دی کوسٹ آف صومالیہ کی جانب سے جاری کردہ خطرناک سمندری علاقے کی حدود پر نظر ثانی کے بعد نئی حدود جاری کردی گئی ہے جن کا اطلاق یکم دسمبر2015 سے ہوگا۔
نئی سمندری حدود سے پاکستان کے خصوصی معاشی زون میں سمندری تجارت، ماہی گیری،تحقیق اور دریافت کرنے جیسی سرگرمیوں کو فائدہ ہوگا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ بحری قزاقی کی لعنت اور دیگر بحری جرائم سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے اور خطّے سے گزرنے والی بین الاقوامی تجارتی راہداریوں کا تحفظ بھی یقینی بناتی ہے۔