10 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 16:3
ملک کے سب سے بڑے ضمنی انتخاب کا اکھاڑا کل لاہور میں سجے گا
جیو نیوز - لاہور........این اے 122 کا تاج کون اپنے سر پر سجائے گا،ملک کے سب سے بڑے ضمنی انتخاب کا اکھاڑا کل لاہور میں سجے گا،تین لاکھ سے زائد ووٹرز امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ سنائیں گے، مسلم لیگ نون اور پاکستان تحریک انصاف کی صف بندیاں مکمل،کامیابی کے خواب کی تعبیر پانے کا انتظار شروع۔
تخت لاہور پر کون بیٹھے گا اس کا فیصلہ کل ہوگا،ملک کے سب سے بڑے انتخابی معرکے کی تیاریاں مکمل ہوچکیں،اب کل این اے ایک سو بائیس کے 3 لاکھ 37 ہزار 762 ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔
گزشتہ رات ختم ہوئی انتخابی مہم کے بعد امیدوار آج آرام کریں گے اور کل کا پورا دن اپنی کامیابی کی امید میں گزاریں گے، اپنے اپنے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کے لیے گاڑیوں کے انتظامات بھی کرلیے گئے ہیں۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ فوج نے بھی حفاظتی انتظامات سنبھال لیے ہیں۔
لاہور کے ساتھ ساتھ اوکاڑہ کی نشست این اے 144 میں بھی پولنگ کرائی جائے گی،لیکن سیاسی پنڈتوں کی نظریں این 122 پر جمی ہیں جس کے تخت کا تاج اپنے سر پر سجانے اور دوسرے کو ناکام بنانے کے لیے مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف نے صف بندی مکمل کرلی ہے۔