11 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 0:3
تخت لاہورکے لیےنون اورجنون کی جنگ آج ہوگی
جیو نیوز - لاہور......این اے 122کا تاج کون اپنے سر پر سجائے گا،ملک کے سب سے بڑے ضمنی انتخاب کا اکھاڑا آج لاہور میں سجے گا،3 لاکھ سے زائد ووٹر امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ سنائیں گے،پولنگ صبح 8سے شام 5بجے تک جاری رہے گی۔
تخت لاہور پر بیٹھ کر کون اپنی سلطنت چلائے گا، کس کو ملے گی کامیابی،کون ہار کو گلے کا ہار بنائے گا،سیاسی جماعتوں نے اپنی صف بندیاں مکمل کرلیں،جلسے جلوس،جوش وخروش،اچھے دنوں کے وعدے،مخالفین پر تابڑ توڑ حملے،نعروں، دعوؤں، وعدوں اور الزامات کی گونج میں انتخابی مہم ختم ہوچکی،اب کامیابی کےخواب کی تعبیر پانے کا انتظار شروع ہوگیا۔
پاک فوج کی کڑی نگرانی میں انتخابی سازو سامان عملے کے سپردکردیاگیا،کسی بھی بدنظمی کو روکنے کے لیے پولیس کے ساتھ فوج کے دستے بھی ہوں گے ہر دم تیارہیں۔
اوکاڑہ کی نشست این اے 144اور صوبائی اسمبلی کی پی پی 147پر بھی ووٹنگ کرائی جائے گی،لیکن سیاسی پنڈتوں کی مرکز نگاہ این اے 122ہے جس کا تاج اپنے سر پر سجانے اور دوسرے کو ناکامی کا منہ دکھانے کے لیے ایک طرف نون ہے تو دوسری طرف جنون موجود ہے۔