12 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 13:48
سانحہ صفورا: 25رکنی گینگ ملوث ،14کی شناخت ہوچکی،آئی جی سندھ
جیو نیوز - کراچی .....آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی نے کہا ہے کہ سانحہ صفورا میں 25رکنی گینگ ملوث تھا ، 14ملزمان کی شناخت ہوچکی ،گروہ کا سربراہ کوٹری کا رہائشی عبدالعزیز نامی دہشتگرد ہے، جو القاعدہ کے بعداب شام میں داعش کیلئے کام کررہا ہے۔
آئی جی سندھ نے سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت ہونےوالے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس کوبتایاکہ سانحہ صفورا اور دیگر اہم وارداتوں کے 8ملزمان گرفتار کرلیے ہیں، عبدالعزیز نامی دہشتگرد نے یہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو گروہ میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کررکھی ہے۔
سندھ رینجرز کے خلاف چھپنے والے اشتہار کے معاملے پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے آئی جی سندھ نےکہاکہ دہشتگردوں کی کمر توڑنے والوں کے خلاف اشتہار انتہائی غیر مناسب ہے۔
کمیٹی نے رینجرز کے خلاف چھپنے والے اشتہارات کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کی سربراہی میں 3رکنی کمیٹی قائم کردی جودوہفتوں میں رپورٹ دے گی۔