12 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:0
شیوسینا کی بدمعاشی کے سامنے خورشید قصوری کے بھارتی میزبان ڈٹ گئے
جیو نیوز - ممبئی .....ہندو انتہا پسند شیو سینا کی بدمعاشی کے سامنے سابق وفاقی وزیر خارجہ خورشید قصوری کے بھارتی میزبان ڈٹ گئے ۔منہ پر سیاہی ملنے کے باجود ہر قیمت پر آج ہی کتاب کی تقریب رونمائی کرانے کا کہا اور کربھی دکھایا ۔
ممبئی کے نہرو سینٹر میں خورشید شاہ کی کتاب کی تقریب کی رونمائی کے دوران آبزرور ریسرچ فاونڈیشن بھارت کے صدر نے کہا ہے کہ ممبئی پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر بنانے کیلئے پل کا کام کرتا ہے ۔
اس موقع پر خورشید قصوری نے کہا کہ کتاب لکھنے کا مقصد کچھ غلط فہمیوں کو دور کرنا ہےکیونکہ ہم نے دونوں ممالک میں تاریخ کو مسخ کردیا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ 2006ء میں دورے پر آتے تو سرکریک معاہدے پر دستخط ہوجاتے۔
خورشید قصوری کا کہناتھا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہوچکے ہیں جبکہ پاک فوج نے قبائلی علاقوں میں وہ آپریشن کیا جو برطانوی فوج بھی نہ کرسکی ۔