تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 اپریل 2016
وقت اشاعت: 17:54

کراچی:شاہ فیصل کالونی سے فرقہ وارانہ دہشتگردی میں ملوث ملزم گرفتار

جیو نیوز - کراچی......افضل ندیم ڈوگر......کراچی میں پولیس پر حملہ کرکے جے یو آئی کے رہنما کے بیٹے کے اغواء، قتل اور فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

گرفتاری شاہ فیصل کالونی سے قتل کی واردات کے سوا 4 سال بعد عمل میں آئی۔ پولیس کے مطابق 21 دسمبر 2011 ءکو شاہ فیصل کالونی نمبر 4 میں جامعہ فاروقیہ کے قریب ایک جلوس کے شرکاء اور طلباء کے درمیان تلخ کلا می کے بعد جھگڑا ہوگیا تھا جو دو گروپوں میں مسلح تصادم کی شکل اختیار کرگیا۔

پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کرکے دونوں گروپوں کو منتشر کردیا تھا۔ اس دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا کہ اچانک درجنوں مسلح افراد نے پولیس کی بکتر بند گاڑی پر حملہ کرکے حافظ احمد قمر کو اغواء کرکے قتل کردیا ۔

پولیس کے مطابق مقتول جمعیت علمائے اسلام خضدار کے رہنما مولانا قمر الدین کا بیٹا اور جامعہ فاروقیہ کا طالب علم تھا۔ ایس ایس پی کورنگی تنویر عالم اوڈھو کے مطابق اس مقدمے کی تفتیش کے دوران ملزمان کی نشاندہی ہوگئی تھی، اس سلسلے میں جمعے کو خفیہ اطلاع ملنے پر شاہ فیصل کالونی سے ایک مرکزی ملزم جان عباس عرف جہانیہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں کراچی میں فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کو کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.