تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 اپریل 2016
وقت اشاعت: 0:43

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتے کا زور ٹوٹا، اسٹریٹ کرائم بڑھ گئے

جیو نیوز - کراچی......کراچی لٹیروں کے لیے سونے کی چڑیا بن گیا،بندوق کی نوک پر موبائل چھیننا،بٹوا نکالنا، موٹر سائیکل اڑانا معمول بن گیا،کراچی آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا زور ٹوٹا، لیکن اسٹریٹ کرائم بڑھ گئے ۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں ستمبر 2013 ءکو شروع ہونے والا آپریشن شہر کے لیے امن کی نوید سمجھا گیا،قتل وغارت گری، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم پر تو کسی حد تک قابو پا لیا گیا،لیکن یہ آپریشن اسٹریٹ کرائمز پر مؤثر قابو نہ پاسکا۔

شہر میں ستمبر 2011ء اور اگست 2013 ء کے عرصے میں اسٹریٹ کرائم کی 98ہزار 812 وارداتوں کی رپورٹ پولیس کے پاس درج کرائی گئی، جبکہ آپریشن شروع ہونے کے بعد یعنی ستمبر 2013ء اور اگست 2015 کے دوران ایک لاکھ 17 ہزار 636 اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہوئیں۔

اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ستمبر 2011 ء سے اگست 2013ء تک 20ہزار 899 شہریوں سے موبائل فون چھینے گئے۔ ستمبر 2013ء میں آپریشن شروع ہونے سے لیکر اگست 2015ء کے دوران شہر قائد کے 29 ہزار 109 شہریوں کو زبردستی موبائل فون سے محروم کیا گیا۔

موبائل چوری کی وارداتوں میں بھی کراچی آپریشن کے بعد اضافہ ہوا، آپریشن سے قبل کے 2 سال میں 23ہزار 372 وارداتوں کے مقابلے میں آپریشن شروع ہونے کے بعد کے 2 سال میں موبائل چوری کی 38 ہزار 61 شکایتیں موصول ہوئیں،
ایک جانب جہاں اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہوا وہیں گاڑیاں چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں کمی ہوئی۔

ستمبر 2011ء سے اگست 2013 ءتک کے درمیان گاڑی چوری کی 2ہزار 606 وارداتیں رپورٹ کی گئیں جبکہ ستمبر 2013ء سے اگست 2015 ءکے یہ تعداد ایک ہزار 328 رہی۔

انہی مذکورہ عرصوں میں 7ہزار 324 گاڑیاں چھینی گئیں جبکہ آئندہ دوسال میں یہ تعداد 5ہزار 338 رہی۔ ستمبر 2011ء اور اگست 2013ء کے درمیان11 ہزار 142 موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں ۔

اس کے برعکس ستمبر 2011ء اور اگست 2013ء کے درمیان شہر میں 33ہزار 469 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں،جبکہ ستمبر 2013ء اور اگست 2015ء کے دوران 35ہزار 752 موٹر سائیکلیں چھین لی گئیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.