15 اپریل 2016
وقت اشاعت: 6:0
ایک سال میں کئی بھتا خور اور قاتل پکڑے،سی ٹی ڈی کا دعویٰ
جیو نیوز - پشاور......پشاور کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایک سال میں کئی بھتا خوروں اور ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے ،لیکن پشاور کے تاجر آج بھی عدم تحفظ اور ذہنی دباؤ کا شکارہیں۔
پشاور میں اندرون شہر، صدر اور جمرود روڈ بڑے تجارتی مقامات ہیں۔ کاروبار تو یہاں خوب جاری رہتا ہے لیکن بھتا خوری کی تلوار بھی یہاں تاجروں کے سروں پر ہر وقت لٹکتی رہتی ہے، جس کی تازہ مثال تاریخی قصہ خوابی بازار میں تاجر رہنما حاجی حلیم جان کا دن دیہاڑے قتل ہے۔
خیبر پختونخوا ایوان صنعت و تجارت میں حاجی حلیم جان کا تعزیتی ریفرنس ہوا، جس میں پشاور پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا اور وفاقی حکومت سے رینجرز کی تعیناتی کے لیے قرار داد بھی منظور کی گئی۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھتا خوری کے 196 واقعات میں 118 بھتا خوروں اور ٹارگٹ کلنگ کے 68 واقعات میں 22 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔