18 اپریل 2016
وقت اشاعت: 9:15
ملیحہ لودھی نےسلامتی کونسل میں اضافی مستقل نشست کی مخالفت کر دی
جیو نیوز - نیویارک ........اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل میں مستقل نشستیں بنیادی طور پر قومی نشستیں ہیں ۔ اس عالمی ادارے میں کوئی اضافی مستقل نشست نہیں ہونی چاہیے ۔
سلامتی کونسل میں اصلاحات کے معاملے پر اقوام متحدہ میں بین الحکومتی بحث کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے ۔ پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کے خلاف پاکستان کا کیس مؤثر انداز میں پیش کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے سے صرف کچھ ممالک کے ذاتی مفادات کی ہی خدمت ہوگی ۔
پاکستان مستقل نشستوں کی تعداد بڑھانے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے ۔ سلامتی کونسل کو مزید جمہوری بنانے اور زیادہ نمائندگی کے لیے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ توسیع کے لیے کونسل کی نوعیت اور اثر انگیزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔