تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
21 اپریل 2016
وقت اشاعت: 11:6

ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس میں ارکان کے درمیان تلخ کلامی

جیو نیوز - اسلام آباد ....... ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں ن لیگ کے روحیل اصغر پی ٹی آئی کی شیریں مزاری اورمحمود اچکزئی سمیت کئی ارکان لڑ پڑے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع میں معزز ارکان لڑ پڑے، نون لیگ کے روحیل اصغر سے پی ٹی آئی کی شیریں مزاری اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود اچکزئی کی جھڑپ ہوئی، روحیل اصغر نے بلند آواز سے کہا کہ آپ نے کمیٹی میں بیٹھنا ہے تو بیٹھیں ورنہ باہر چلے جائیں، اس پر اپوزیشن ارکان بولے، چیئرمین صاحب ! یہ طریقہ درست نہیں،بات آرام سے کریں،ہم یہاں انگوٹھے لگانے نہیں آئے،محمود اچکزئی نے کہا کہ بحث کے بغیر کوئی چیز منظور نہیں کریں گے۔

اراکین کا موقف تھاکہ وزارت دفاع مقدس گائے نہیں، یہ ممکن نہیں کہ وزارت دفاع کی مرضی کے مطابق ترقیاتی بجٹ بغیر بحث کے منظور کر لیں۔

وزارت دفاع کے حکام نے کمیٹی کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ پر بریفنگ دی،کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس وقت وزارت دفاع کے 25 ارب 65 کروڑ روپے کی لاگت کے7ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کے لیے وزارت دفاع نے مالی سال 17-2016 کے لیے 2ارب، 16 کروڑ روپے کا بجٹ تجویز کیا ہے۔

وزارت دفاع کے حکام نے بتایا کہ 3 مزید ترقیاتی منصوبے منظور ہو چکے ہیں، جن میں دس ارب روپے کی لاگت کا نیشنل الیکٹرانک کمپلیکس آف پاکستان کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ تین منصوبوں کی منظوری ابھی باقی ہے۔ کمیٹی ارکان نے ایجنڈا تاخیر سے ملنے پر احتجاج کیا، شیریں مزاری اور محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ سے متعلق کئی سوالات ہیں بحث کے لیے وقت دیا جائے۔

صورت حال کے بعد چیئرمین کمیٹی روحیل اصغر نے دفاعی ترقیاتی بجٹ پر بحث کے لیے قائمہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 3 مارچ کو طلب کر لیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.