22 اپریل 2016
وقت اشاعت: 11:51
قائد متحدہ کے گھرسے ضبط رقم سے متعلق پہلی بار اوپن کورٹ میں سماعت
جیو نیوز - لندن......قائد متحدہ کے گھر اور ایم کیوایم کے دفتر سے ضبط کی گئی رقم سے متعلق پہلی بار لندن کی اوپن کورٹ میں سماعت ہوئی ہے۔
لندن میں متحدہ کے قائد کے گھراورایم کیوایم کے دفترسے ضبط کی گئی رقم سے متعلق سماعت مغربی لندن میں مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی۔ایم کیوایم کے وکلاء کورٹ میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت سرفراز مرچنٹ اپنے وکیلوں کے ساتھ عدالت میں موجودتھے جبکہ قائد متحدہ، طارق میر، سرفراز مرچنٹ اور افتخارقریشی کے وکلا پیش ہوئے۔
لندن پولیس نے عدالت میں بیان دیا کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، ضبط شدہ رقم کا تعلق بھی تحقیقات سے ہے۔واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس کی پہلی باراوپن کورٹ میں سماعت ہوئی ہے۔
دوسری جانب ایم کیوایم کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی فنڈزکی جورقم میٹروپولیٹن پولیس کی تحویل میں ہے وہ قانونی ہے۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یقین ہے جب مستقبل میں باقاعدہ سماعت ہوگی تو عدالت میں ہمارا موٴقف درست ثابت ہوگا، معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہونے کی وجہ سے مزیدکچھ کہنا مناسب نہیں ہوگا۔