22 اپریل 2016
وقت اشاعت: 13:12
لاہور ہائیکورٹ: قائد متحدہ پر غداری کے مقدمےکیلئے درخواستیں
جیو نیوز - لاہور.......لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نےایم کیو ایم کےقائد کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنےکی درخواستوں کی سماعت کےلیے 27 مارچ کی تار یخ مقرر کردی۔
آج ایم کیو ایم کی وکیل عاصمہ جہانگیر نےاپنے ایک ٹی وی انٹریو کے مندرجات پر عدالت سے معذرت کر لی،کمرۂ عدالت کے اندر اورباہر فریقین نے ایک دوسرے کےخلاف نعرے بازی بھی کی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے3رکنی فل بنچ کےروبرو ایم کیو ایم کےقائد کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کیلئےدائر درخواستوں کی سماعت ہوئی، کمرہ عدالت میں ایم کیو ایم کےقائد کی وکیل عاصمہ جہانگیر کے ایک ٹی وی انٹرویو کی ویڈیودکھائی گئی جس میں انہوں نےعدلیہ سےمتعلق ریمارکس دیئےتھے۔
اس دوران کمرہ عدالت میں موجود ایم کیو ایم کے کارکنوں اوردرخواست گزاروں نےشور شرابہ شروع کر دیا۔عدالت نےعاصمہ جہانگیرکوانٹرویو کے مندرجات پر تحریری معافی نامہ داخل کرنے کا حکم دیا، عاصمہ جہانگیر نے زبانی معذرت کی مگر تحریری معافی نامہ داخل کرنے سے انکار کردیا۔
شور شرابے کےدوران عدالت نےایم کیو ایم کےسینیٹر عتیق الرحمان کو روسٹرم پر طلب کرکے کہا کہ عدالتیں احتجاج اور ہڑتالوں سے دباؤ میں نہیں آتیں، اگر آپ ایساسمجھتے ہیں تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے۔
سماعت کے بعداحاطہ عدالت میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں اور درخواست گزاروٕ ں نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔