تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 اپریل 2016
وقت اشاعت: 7:50

پیٹرول اسمگلنگ ، برطرف پولیس افسرکو بچانے کیلئے حکام سرگرم

جیو نیوز - کراچی ....افضل ندیم ڈوگر.... کراچی میں ایرانی پیٹرول کی اسمگلنگ اور فروخت کی سرپرستی کے الزامات پر عہدے سے برطرف کئے گئے پولیس افسر بلال قیوم کی خدمات اسلام آبادواپس کرنے کے احکامات کو ایک ہفتہ گزر گیا لیکن سندھ پولیس اس افسر کو فارغ نہیں کر رہی بلکہ رشوت لینے کے معاملے کی انکوائری رپورٹ بلال قیوم کے حق میں کرانے کے لئے اعلیٰ پولیس حکام سرگرم ہوگئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق کراچی میں ایس پی کیماڑی، ایس ڈی پی او ماری پور اور اے ایس پی کیماڑی کے تین اہم عہدوں پر تعینات ایک جونیئر پولیس افسر بلال قیوم کے خلاف گزشتہ ہفتے اسپیشل برانچ نے ایرانی تیل کی اسمگلنگ اور فروخت میں ملوث گروہوں کی سرپرستی کرنے اور مبینہ طور پر کروڑوں روپے رشوت لینے کی تحقیقات شروع کی تھیں۔

اس سلسلے میں میڈیا پر خبریں آنے کے بعد اے ایس پی بلال قیوم کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ بعدازاں سندھ حکومت نے 23 فروری کو بلال قیوم کی خدمات اسلام آباد کو واپس کردی تھیں لیکن ان احکامات کو ایک ہفتہ گزر گیا ہے اور سندھ پولیس اسے فارغ نہیں کر رہی بلکہ اعلیٰ بیورو کریسی میں موجود ان کے عزیزواقارب نے سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران اسپیشل برانچ کی انکوائری بلال قیوم کے حق میں کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس کام کو بخوبی سرانجام دینے کے لئے اس افسر کے قریبی عزیز کراچی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ کے کئی بیوروکریٹس، پولیس کے اعلی حکام نے منصوبہ بندی کرکے ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر کام کرنے والے ایک ڈی آئی جی کو انکوائری بلال قیوم کے حق میں کرکے فائل کلوز کرنے کی ہدایت دی۔

ذرائع کے مطابق اس افسر کی آئندہ ماہ اگلے عہدے پر ترقی متوقع ہے۔ اسلام آباد کی جانب سے انہیں مبینہ طور پر ترقی روکنے کے لئے بلیک میل کیا جارہا ہے۔

ذرائع کےمطابق اُنہوں نے ٹال مٹول سے کام لیا اور ایک دوسرے ڈی آئی جی کو اس سلسلے میں اچھا کام کرنے کی ہدایت کی گئی مگر انہوں نے بھی معاملہ ٹال دیا جس پر یہ اہم کام طارق نامی ایک افسر کو سونپا گیا۔

ذرائع کےمطابق اس افسر نے بھی قربانی کا بکرا بننے سے انکار کردیا۔ یوں اب یہ معاملہ کرائم برانچ کے ایک اور ایس پی کے سپرد کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وہ بھی لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں۔بلال قیوم کو کلیئر کرنے کے لئے ان افسران پر آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام کا شدید دباؤ ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.