تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
28 اپریل 2016
وقت اشاعت: 6:41

فشرمین سوسائٹی کی محفوظ یار خان ایڈووکیٹ کو 80 لاکھ روپے کی ادائیگی

جیو نیوز - کراچی......افضل ندیم ڈوگر......کراچی کے غریب ماہی گیروں کی فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کیلئے وکالت کرنے پر مقامی وکیل محفوظ یار خان کو 80 لاکھ روپے کی ادائیگی کردی گئی ہے۔

فشری ذرائع کے مطابق محفوظ یار خان ایڈووکیٹ گذشتہ ہفتے ایک عدالتی فیصلہ لے کر فشری آئے تھے جس کے مطابق مقامی عدالت نے فشری کو حکم دیا تھا کہ انہیں 80لاکھ روپے کی ادائیگی کردی جائے، جس پر فشری اہلکاروں نے ہائی کورٹ میں فشری کی نمائندگی کرنے والے شہزاد قمر ایڈووکیٹ سے اس بلاجواز ادائیگی کے حکم کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا کہا مگر انہوں نے ٹال مٹول سے کام لیا۔

فشری کی سی بی اے کے ذرائع کے مطابق محفوظ یار خان کبھی بھی براہ راست فشرمین سوسائٹی کے وکیل نہیں رہے بلکہ فشرمین سوسائٹی سے منسلک شخصیات کیلئے مختلف مقدمات میں وکالت کرتے تھے، خاص طور پر لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر جان بلوچ کے مالی معاون اور سہولت کار سعید خان کے کیس میں انہوں نے پیروی کی۔

ذرائع کے مطابق ان کیسز کی نقد ادائیگی اس وقت کے فشری کے عہدیدار رفیق سلیمان کرتے تھے مگر چند سال بعد محفوظ یار خان نے فشری میں بل بھیجنے شروع کردیئے اور اس سلسلے میں مقامی عدالت میں مختلف بل جمع کراکر کیس بھی کردیا۔

یہی نہیں خود کو فشری کے لیگل ایڈوائزر کہلوانے والے شہزاد قمر نے مبینہ طور پر ملی بھگت سے کام لیا اور عدالتی فیصلے کو چیلنج نہیں کیا، ان کی زیادہ دلچسپی بھی یہ ادائیگی کرانے میں رہی اور فشری میں ان دنوں کوئی انتظامیہ نہ ہونے کی وجہ سے اس سلسلے میں فوری ادائیگی بھی کرادی گئی۔

اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر محفوظ یار خان نے کہا کہ 2005ء سے فشری کے مقدمات کی پیروی کی فیس انہوں نے وصول کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کیسز انہوں نے فشری پر غیرمعمولی انکم ٹیکس عائد کرنے کیلئے لڑے تھے، جس کا فیصلہ فشری کے حق میں ہوا تھا۔

غریب ماہی گیروں کی سوسائٹی سے اس قدر زیادہ فیس لینے کے سوال پر محفوظ یار خان نے خود اقرار کیا کہ ماضی میں وہ 40لاکھ روپے لینے پر آمادہ ہوگئی تھے مگر اس وقت کی انتظامیہ 40لاکھ روپے دینے پر بھی راضی نہیں ہوئی تھی، جس پر انہوں نے کیس کردیا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.