1 مئی 2016
وقت اشاعت: 18:30
ممتاز قادری کی سزائے موت کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج
جیو نیوز - کراچی/حیدر آباد/لاہور.......ممتاز قادری کو سزائے موت دیے جانے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ کراچی میں سنی تحریک کے زیراہتمام جامع کلاتھ سے نمائش چورنگی تک ریلی نکالی گئی۔
حیدرآباد میں بھی ریلی نکالی گئی جس کے شرکا نے پریس کلب پر پتھراؤ کیا، پتھراؤ کے باعث صحافی پریس کلب میں محصورہوگئے۔
لاہورمیں سنی تحریک کے تحت داتا دربار سے اسمبلی ہال تک ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا اور پولیس اہلکاروں میں تصادم ہوا، مظاہرین نے ڈنڈوں سے پولیس اہلکاروں اور افسروں پر تشدد کیا،ادھر کربلا گامے شاہ کے سامنے ریلی کے شرکا نے ایک دکان میں توڑ پھوڑ کی اور لوئر مال تھانے پر بھی دھاوا بول دیا۔
راولپنڈی میں صادق آباد چوک اور بارہ کہو میں سنی تحریک کے زیر اہتمام مظاہرہ کیا گیا جبکہ اسلام آباد میں لال مسجد کے باہر مظاہرے اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
اس کے علاوہ قصور، مردان سمیت دیگر شہروں میں بھی ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔