3 مئی 2016
وقت اشاعت: 0:36
نوجوانوں کو درست سمت میں لگایا تو ملک ترقی کرے گا،عمران خان
جیو نیوز - پشاور…پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہےکہ نوجوان طبقہ پاکستان کا مستقبل ہے، نوجوانوں کو درست سمت میں لگایا تو پاکستان ترقی کرے گا،گر کر کھڑا ہونا ہی اسپورٹس کا سب سے بڑا سبق ہے ، چیمپئن وہی ہوتا ہے جو گرنے کےبعد خود کو اٹھاتا ہے ، ہار سے ڈرنے والے کو جیتنا نہیں آتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کے قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں آل پاکستان میگا چیلنج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اور اس ملک کامستقبل ہیں۔ انھیں درست سمت میں لگایا جائے تو ملک بن جائے گا۔
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی ضمیر کا سودا نہ کریں ، ہمیشہ سچ اور حق کے لئے کھڑے ہوں ، کبھی ہار نہ مانیں اور غلامی قبول نہ کریں کیونکہ غلام ہمیشہ غلام رہتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ چیمپئن وہی ہوتا ہے جو گرنے کےبعد اٹھتا ہے جبکہ ہار سے ڈرنے والا کبھی بھی چیمپئن نہیں ہوسکتا۔