3 مئی 2016
وقت اشاعت: 8:41
امریکا: پاکستان کو 8 ایف 16 طیاروں کی فروخت کا نوٹیفکیشن جاری
جیو نیوز - واشنگٹن....... امریکا نے بھارتی تحفظات کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے پاکستان کو 8 ایف 16 طیارے فروخت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
میڈیارپورٹ کے مطابق امریکا نے پاکستان سے ایف 16 طیارے کی خرید وفروخت کے معاہدے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے 8 جدید ترین ایف 16 طیارے فروخت کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ایف 16 طیاروں کی کل لاگت 70 کروڑ امریکی ڈالرز ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ایف 16 طیاروں کی خریدو فروخت کا معاہدہ گزشتہ ماہ ہوا تھا اور اس معاہدے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کو طیاروں کی فروخت کے امریکی فیصلے پر مایوسی اور تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔
امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ اس معاہدے میں علاقائی صورتحال کو مدنظر رکھا گیا ہے اور یہ طیارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کریں گے، اس لئے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت بھارت کے لئے تشویش کا باعث نہیں ہونی چاہیے۔