3 مئی 2016
وقت اشاعت: 11:54
انیس قائم خانی، سلیم شہزاد، قادر پٹیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
جیو نیوز - کراچی......کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے انیس قائم خانی،سلیم شہزاد، اور قادر پٹیل کی گرفتاری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔
تینوں ملزمان ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف دہشت گردوں کو علاج کی سہولت دینے کے مقدمے میں مفرور ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کراچی آمد کے باوجود انیس قائم خانی کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا، تفتیشی افسر کا جواب تھا، کوشش کررہے ہیں!
دہشت گردوں کو علاج کی سہولت دینے سے متعلق کیس کی سماعت دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا، آپ کو پتہ ہے، انیس قائم خانی کراچی آچکے ہیں ؟
تفتیشی افسر ڈی ایس پی الطاف حسین نے جواب دیا، جی، مجھے میڈیا سے پتہ چلا ہے۔عدالت نے کہا، آپ جانتے ہیں، انیس قائم خانی، سلیم شہزاد اور قادر پٹیل اس مقدمے میں مفرور قرار دیئے گئے ہیں اور انہیں وطن واپسی کی صورت میں ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا تھا؟
اس پر تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ پیش کی، جس کے مطابق سلیم شہزاد اور قادر پٹیل جیسے ہی ملک آئیں گے انہیں گرفتار کرلیا جائے گے، اس حوالے سے ایئرپورٹ حکام کوخط بھی لکھ دیا ہے جبکہ انیس قائم خانی کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
عدالت نے عثمان معظم کو بی کلاس دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تینوں مفرور ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہیں لہٰذا انہیں حاضری سے استثنیٰ دیاجائے۔