تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 مئی 2016
وقت اشاعت: 18:30

کراچی امن و امان عمل درآمد کیس کی سماعت آج ہوگی

جیو نیوز - کراچی…سپریم کورٹ کا لارجر بینچ 20 ماہ بعد کراچی امن و امان عمل درآمد کیس کی سماعت کرے گا۔ پولیس نے امن و امان سے متعلق اپنی رپورٹ تیار کرلی ہے۔

کراچی بے امنی عملدرآمد از خود نوٹس کیس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے ۔ بینچ میں جسٹس امیر ہانی مسلم ، جسٹس عظمت سعید، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس خلجی عارف حسین شامل ہیں ۔ آج سے شروع ہونے والی سماعت کیلیے وفاقی اورسندھ حکومت ، ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ اور دیگر حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹس طلب کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے تیارکردہ رپورٹ کہا گیا ہے کہ شہر کے امن و امان میں بہتری آئی ہے۔ کراچی آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلنگ میں 69 فیصد کمی ہوئی ہے ۔ سال 2013ء میں 509، 2014 ءمیں 189 اور سال 2015 ءمیں 159 ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق بینک ڈکیتیوں میں 58 فیصد ۔ اسٹریٹ کرائم میں 25 فیصد اور بھتا خوری میں 60 فیصد کمی ہوئی جبکہ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں ختم ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سانحہ صفورا سمیت کئی ہائی پروفائل کیسز حل کرلیے جبکہ سبین محمودقتل، روبینہ خالد قتل کیس کے مجرموں کا پتا لگایا گیا ۔ کراچی ایئرپورٹ حملےکے ماسٹر مائنڈ، ڈیبرا لوبو پر حملےکے ملزمان کو بھی گرفتارکرلیا گیا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق 2013 ءسے 2016 ءتک مقابلوں میں 491 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ کراچی بے امنی عملدرآمد کیس کی آخری سماعت 24جون 2014ءکو ہوئی تھی جس میں عدالت نے سرکاری زمینوں پر قبضے اور تجاوزات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ حکومت سندھ اور محکمہ بورڈ آف ریونیو، زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کا خاتمہ کر کےرپورٹ 6 ماہ میں پیش کریں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.