6 مئی 2016
وقت اشاعت: 18:0
خواتین کا عالمی دن، جامعہ پنجاب میں ثقافتوں کے رنگ
جیو نیوز - لاہور......خواتین کے عالمی دن پر پنجاب یونیورسٹی کے طلبا اور طالبات نے علاقائی ثقافتوں کے رنگ اوڑھ لیے،عالمی دن کی اس تقریب میں رنگارنگ چوڑیوں ،کپڑوں اور میٹھی لسی کے اسٹالز لگائے گئے۔
خواتین کے عالمی دن پر پنجاب یونیورسٹی میں دن کی مناسبت سے ہر رنگ چھایا رہا ،طلبااور طالبات کہیں الگ الگ تو کہیں گروپ کی شکل میں انجوائے کرتے رہے ، رنگ برنگی چوڑیوں، سجاوٹ کا سامان ،ہاتھ سے بنی اشیاء کے اسٹالز بھی سجے نظر آئے، طالبات مختلف پہناووں میں ثقافتی رنگ بکھیرتی رہیں تو طلباء کی بھی بھرپور انداز میں شرکت رہی۔
بالوں سے جڑے لہراتے پراندے، ماتھے پر ماتھا پٹی، ہاتھوں میں گجرےاور کھنکتی چوڑیاں ، ہر رنگ دلکش اور حسین۔ پنجابی، سندھی، پختون اور بلوچی ثقافتوں کا دل فریب امتزاج ۔خود کو مختلف ثقافتوں کے رنگ اوڑھے طالبات کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب کا مقصد یہ بتا نا ہےکہ عورت چاہے کسی بھی روپ میں ہو ، اثرانگیز وجود ہے ۔
چہل پہل اور بھر پور رونق،کہیں طلباء اپنے ڈانس سے موج مستی کرتے رہے تو کہیں طالبات اپنے انداز میں آج کی تقریب کا لطف اٹھاتی رہیں۔