10 مئی 2016
وقت اشاعت: 20:34
عوام کی حفاظت میں ناکام سندھ پولیس نثار مورائی کے بنگلے کی محافظ
جیو نیوز - کراچی ( افضل ندیم ڈوگر) عام شہریوں کی حفاظت کے سلسلے میں توسندھ پولیس کو ناکامی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن کرپشن اور سنگین الزامات میں مبینہ طور پر ملوث اور اسلام آباد میں گرفتار ڈاکٹر نثار مورائی کے گھر کی حفاظت سندھ پولیس خوب کر رہی ہے۔
فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے سابق چیئرمین کے مطلوب ہونے کے باوجود ان کے بنگلے کی سیکورٹی کے لئے مستقل طور پر سندھ پولیس کے اہلکار تعینات ہیں، ڈاکٹر نثار مورائی گزشتہ سال تک کراچی فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے متنازعہ چیئرمین رہے۔
گزشتہ سال مارچ میں کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن تیز کیا تو فشریز میں سرکاری وسائل کی لوٹ ماراور گینگ وار کے سرپرستوں کی بھی گرفت ہوئی۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات کے تحت کئی سرکردہ افراد کو گرفتار کیا گیا لیکن ڈاکٹر نثار مورائی روپوش ہوگئے اور پھر مبینہ طور پر ملک سے فرار ہوگئے۔
سرکاری ادارے انہیں تلاش کر رہے تھے لیکن کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابان محافظ پر ان کے گھر پر سندھ پولیس پہرے دار بنی ہوئی تھی، ان کے بنگلے کیلئے 24 گھنٹے پولیس موبائل اور دو شفٹوں میں 10 اہلکار مستقل تعینات ہیں، گھر کے باہر پولیس کا سیکورٹی کیمپ بھی قائم ہے۔
حیرت کی بات یہ کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ڈاکٹر نثار مورائی کی گرفتاری کے بعد جمعہ کی شام بھی ایک پولیس موبائل اور پولیس کی نفری ان کے بنگلے پر تعینات تھی، نثار مورائی کے بنگلے پر پولیس اہلکاروں کی مقررے کے حوالے سے رابطہ کرنے پرڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل احمد نے لاعلمی ظاہر کی۔
ڈی آئی جی سائوتھ کا کہنا تھا کہ ساؤتھ پولیس سے ایسا کوئی اسکواڈ فراہم نہیں کیا گیا، سائوتھ پولیس کو خود تھانوں کے لئے نفری کی شدید کمی کا سامنا ہے جس کے لئے وہ اعلیٰ حکام سے مسلسل مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔
عوام کی حفاظت میں ناکام سندھ پولیس نثار مورائی کے بنگلے کی محافظ