10 مئی 2016
وقت اشاعت: 21:54
پاک بحر یہ کے جہاز کا کینیا کی بندرگاہ کا خیرسگالی دورہ
جیو نیوز - کراچی......پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نےکینیا کی بندر گاہ کا خیر سگالی دورہ کیا ہے، جس دوران کمانڈنگ آفیسر نے دہشت گردی اور بحری قذاقی کے خلاف پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔
پاکستان نیوی کا جہاز پی این ایس اصلت مشرقی افریقی ممالک اور بحر ہند کی جزیرہ نما ریاستوں کے خیر سگالی دورے پر ہے،دورے کے پہلے مرحلے میں پی این ایس اصلت تین دن کے لئے کینیا کی بندر گاہ موباسا پہنچا۔
جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے کینیا نیوی کے سربراہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات کے دوران پی این ایس اصلت کے کمانڈنگ آفیسر نے کمبائنڈ ٹاسک فورس150-اور151میں شرکت اورخطے میں امن اور سیکیورٹی کے فروغ میں پاکستان نیوی کے عزم کو اُجاگر کیا، کینیا نیوی کے سربراہ نے خطے میں دہشت گردی اور بحری قزاقی کے خاتمے پر پاکستان نیوی کی کوششوں کی تعریف کی۔
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت پر بحری قزاقی کی بیخ کنی اور بورڈنگ آپریشنز کے موضوع پر ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا گیا، ورکشاپس کے بعد ان آپریشنز کا عملی مظاہرہ کیا گیا جن میں کینیا نیوی کے ممبرز نے بھی حصہ لیا۔پی این ایس اصلت کے کمانڈنگ آفیسر اور عملے نے یتیم بچوں کے لئے بنائے گئے ایک سکول کا دورہ بھی کیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔