12 مئی 2016
وقت اشاعت: 13:2
قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کوپارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا ،ایجنڈا تیار
جیو نیوز - اسلام آباد............قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس کا ایجنڈا تیار کرلیاگیا ہے ، ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی حکومتی تحریک بھی ایجنڈے میں شامل کر لی گئی ہے ، مشترکہ اجلاس کا مقصد پی آئی اے کو کمپنی بنانے کے بل کی منظوری حاصل کرنا ہے ۔
سینیٹ نے کمپنی بنانے کے بل کو مسترد کر دیا تھا ، ذرائع کے مطابق حکومت اب مشترکہ اجلاس بلاکر اس بل کو منظور کرانے کا ارادہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے پیر سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تحریک بھی شامل کی گئی ہے ۔ اس تحریک کی منظوری کے بعد وزیر اعظم اگلے ہی ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی پر پیپلزپارٹی کے ارکان کاتوجہ دلاؤ نوٹس ، سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر بحث بھی شامل ہے۔