8 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:2
ڈی جی خان:پولیس تشدد سے ہلاک شہری کے ورثاء کا احتجاج
جیو نیوز - ڈی جی خان…ڈیرہ غازی خان میں پولیس کے مبینہ تشدد سے ہلاک ہونے والے شہری کے ورثاء نے لاش جیل روڈ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔تھانہ درخواست جمال خان پولیس کے ہاتھوں گذشتہ روز مبینہ تشدد سے ہلاک ہونے والے خالد نامی شہری کے ورثانے لاش جیل روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا ،انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل پولیس نے ناکہ پر دوران چیکنگ خالد کو پسٹل رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا اور نامعلوم جگہ پر منتقل کر دیا۔گذشتہ روز اس کی سیم نالہ کے قریب تشدد زدہ لاش ملی۔ورثاء نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ مبینہ تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ڈی پی او ڈی جی خان چوہدری محمد سلیم نے پولیس کے دو اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔