10 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:7
دفاع پاکستان آرمڈ فورسز کا کام ہے، بشیر بلور
جیو نیوز - پشاور…خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور کا کہنا ہے کہ دفاع پاکستان آرمڈ فورسز کا کام ہے، جو لوگ آج دفاع پاکستان کے نام پر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں ان کے دور اقتدار میں شمسی ائیر بیس کو امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا۔ پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو میں بشیر احمد بلور کا کہنا تھا کہ سانحہ سلالہ چیک پوسٹ پر موجودہ حکومت نے جوموٴقف اختیار کیا اُس کے نتیجے میں نیٹو سپلائی آٹھ مہینے تک بند رہی جو حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ دفاع پاکستان کونسل کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان آرمڈ فورسز کی ذمہ داری ہے اورجو سیاسی پارٹیاں دفاع پاکستان کے نام پر عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں انہی کے دور میں شمسی ائیر بیس کو امریکہ کے سپرد کیا گیا۔جسے موجودہ حکومت نے خالی کروایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ طالبان ہر جگہ کارروائیاں کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ہزاروں گاڑیوں میں تین 4 گاڑیاں دہشت گردوں کی بھی گھس آتی ہیں اور اُنہیں راستہ مل جاتا ہے۔