10 جولائی 2012
وقت اشاعت: 18:46
سینیٹ قائمہ کمیٹی کا وزیر پانی و بجلی کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کا حکم
جیو نیوز - اسلام آباد…سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پانی و بجلی نے اجلاس میں عدم شرکت پر وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار، وزارت پیٹرولیم اور پانی و بجلی کے سیکریٹریز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر زاہد خان کا کہنا ہے کہ وزارت اور بیوروکریسی لوڈ شیڈنگ ختم کرنا ہی نہیں چاہتی، ملک میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کا اجلاس سینیٹر زاہد خان کی صدارت میں شروع ہی ہوا تھا کہ کمیٹی کے اراکین نے وزیر پانی و بجلی اور متعلقہ سیکریٹریز کی عدم شرکت کا معاملہ اُٹھادیا۔ چیئرمین کمیٹی زاہد خان کا کہنا تھا کہ وزیر اور سیکریٹریز تو موجود نہیں، بات کس سے کی جائے۔ کمیٹی کو وزارت پانی و بجلی اور پیٹرولیم حکام کی طرف سے بتایا گیا کہ وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار، سیکریٹری پانی و بجلی ظفر محمود اور سیکریٹری پیٹرولیم ڈاکٹر وقار مسعود صدر کو توانائی پر بریفنگ کیلئے کراچی میں ہیں۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ وزارت اور بیورو کریسی نہیں چاہتی کہ لوڈ شیڈنگ ختم ہو، یہ چاہتے ہیں کہ لوگ سڑکوں پر آئیں اور حکومت کو گالیاں دیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ صدر کی اپنی اہمیت ہے لیکن کمیٹی کی اہمیت زیادہ ہے، کیوں کہ یہ پارلیمنٹ ہے۔