11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 1:47
لاہور: نولکھا کے علاقے میں موٹر وے پولیس کے جوان کی خود کشی
جیو نیوز - لاہور … لاہور میں نولکھا کے علاقے میں موٹروے پولیس کے ایک جوان نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، پولیس نے لاش ڈیڈ ہاوٴس بھجوا کر ورثاء کو اطلاع کر دی۔ پولیس کے مطابق موٹروے پولیس ٹریننگ اسکول شیخوپورہ کے کانسٹیبل محمد رمضان نے ریلوے اسٹیشن کے قریب ہوٹل میں ایک کمرہ کرائے پر لیا، شام کے وقت ایک ہوٹل ملازم نے کمرے میں دیکھا کہ رمضان مردہ پڑا تھا اور اس کے منہ سے جھاگ نکل رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق رمضان نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کی ہے، اس کی جیب سے برآمد ہونے والی تحریر میں لکھا ہے کہ اپنے کیے کا وہ خود ذمہ دار ہے، ٹریننگ اسکول کے میس میں اس نے کچھ لوگوں پر اعتبار کیا لیکن انہوں نے اسے دھوکہ دیا۔ رمضان سرگودھا کی تحصیل بھلوال کا رہائشی تھا۔