11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:32
صوبے میں ہر شخص کے چہرے پر مایوسی کیوں، چیف جسٹس کا استفسار
جیو نیوز - کوئٹہ… بلوچستان امن و امان کیس میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیئے ہیں کہ صوبے میں ہر شخص کے چہرے پر مایوسی کیوں ہے، بلدیاتی نظام ہوتا تو لوگوں کے مسائل حل ہوجاتے، ایف سی کے و کیل نے عدالت سے کل تک کی مہلت مانگ لی جبکہ چیف جسٹس نے ایف سی کے وکیل سے کہا ہے کہ یا تو سارے بندے لے کر آئیں یا سارے کمانڈنٹس کو بلائیں۔ سپریم کور ٹ کوئٹہ رجسٹری میں جاری بلوچستان امن وامان کیس کی سماعت میں ڈی سی خضدار نے چیف جسٹس کے استفسار پر بتایاکہ ایف سی نے دوہزار گیارہ میں توتک میں کی جانے والی کارروائی کے بارے میں نہیں بتایا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پاکستان کے اس حصے میں وہ کام ہورہا ہے جو وہ اپنے منہ سے نہیں کہہ رہے، سپریم کور ٹ سب کچھ ا پنے اوپر لے رہی ہے، اگر کل سب ایف سی کمانڈنٹس کو بلایا ، ان کے بیانات کے بعد آرڈر کیا تو پھر آپ دیکھیں گے ، چیف جسٹس نے ایف سی کے وکیل سے کہاکہ آپ یہ سارے غلط کا م بند کریں ، آپ کو دو کام کرنے ہیں ، یا تو بندے لے آئیں یا سارے کمانڈنٹس کو بلائیں ، ، کمشنر ، ڈی سی اور لیویز سمیت کسی کو کچھ نہیں پتا کے ایف سی کارروائی کررہی ہے۔ ایف سی کے وکیل راجہ ارشاد نے عدالت سے کل تک کی مہلت کی استدعا کی۔چیف جسٹس نے ایف سی وکیل سے کہاکہ کیا وجہ ہے کہ ہر دوسرے تیسرے کیس میں لوگ ایف سی کو شامل کرتے ہیں ،ایف سی کے وکیل نے کہا ان کا یہ بیان ریکارڈ پر ہے کہ ایک بھی لاپتا شخص ایف سی کے پاس نہیں ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ ریکارڈ ایف سی اور تحصیلدار کی نااہلی ہے ، کل انکوائری کے بعد شاید ہم ا نہیں گرفتار بھی کروادیں۔چیف سیکریٹری نے عدالت کو بتایا کہ سیاسی وجوہات اور سابقہ لوکل باڈیز سٹسم نے صوبے کو کئی سال پیچھے دکھیل دیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ بلدیاتی نظام ہوتا تولوگوں کے مسائل حل ہوجاتے۔چیف جسٹس نے سیکریٹری داخلہ کو حکم دیا کہ بلوچستان بھر سے ملنے والی لاشوں کا مکمل ڈیٹا تیار کریں ، خدا کو مانیں ، اللہ سے ڈریں ،اورلیویز کو لوگوں کے گھروں کی ڈیوٹیوں سے واپس بلائیں ۔