11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:32
سیکیورٹی ضمانت کے بغیر پاکستان واپس نہیں آوٴنگا، حسین حقانی
جیو نیوز - اسلام آبد… امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ سیکوریٹی کی ضمانت کے بغیر وہ پاکستان نہیں آئیں گے۔اپنے ایک خط میں جو توقع ہے کہ جمعرات کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا،حسین حقانی نے کہا کہ وہ صرف اسی وقت پاکستان آئیں گے جب تک ان کو درپیش خطرات کو سنجیدگی سے نہیں لیاجاتا۔انہوں نے موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کوئی شخص محفوظ نہیں ، کسی شخص کو بلاثبوت جلادیا جاتا ہے۔ سابق سفیر حسین حقانی نے جو اس وقت بوسٹن یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر ہیں خط میں لکھا ہے کہ پاکستانی قوانین کے تحت نہ تو ان پر کوئی الزام ہے اور نہ ہی کسی الزام میں انہیں سزا ہوئی ہے،لیکن عام لوگوں کے سامنے انہیں مجرم کے طورپر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں مجھے غیر محب وطن اور باغی کے طور پر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان میں روزانہ انتہاپسندوں کی جانب سے دھمکیاں ملتی تھیں،ان سے ان کے مذہب اور سیاسی نظریات کے بارے میں سوال کئے جاتے تھے۔ میمو کمیشن سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں انتہائی بھڑکانے والی زبان استعمال کی جس سے پاکستان میں واپسی پر ان کی سیکوریٹی اورجان کو درپیش خطرے اوربڑھادیا۔