تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 15:22

پشاورہائی کورٹ کا سیکرٹری دفاع کو لاپتہ افراد سے متعلق کاروائی کا حکم

جیو نیوز - پشاور… پشاورہائی کورٹ نے سیکرٹری دفاع کو لاپتہ افراد سے متعلق کاروائی کرنے کا حکم دیا۔ خیبرپختون خوا کے سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ 132 لاپتہ افراد کی بحالی کے بعد ان کی ذہنی تربیت جاری ہے جبکہ مزید 195 لاپتہ افراد کو لکی مروت کے خصوصی مرکز میں منتقل کیا گیاہے۔پشاور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد سے متعلق درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس سید سجاد حسن شاہ نے کی۔ محکمہ داخلہ ، پولیس، وزارت داخلہ، فرنٹیئرکور اور دفاع کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔ میجر ظفراقبال نے عدالت کو بتایا کہ فاٹا میں اب تک 16 لاپتہ افراد کو خصوصی سینٹرز میں منتقل کیا گیا ہے۔ جسٹس دوست محمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فاٹا میں 20 سے زیادہ افراد کے غیرقانونی حراست میں لئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ عدالت نے سیکرٹری دفاع کو لاپتہ افراد سے متعلق کاروائی کرنے کا حکم دیا۔ خیبرپختون خوا کے سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ 132لاپتہ افراد کی ذہنی تربیت جاری ہے، انہیں جلد رہا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مزید 195 لاپتہ افراد کو لکی مروت میں خصوصی مرکز میں منتقل کیا گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.