12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 8:45
سپریم کورٹ:این آراوعملدرآمد کیس کی سماعت آج ہوگی
جیو نیوز - اسلام آباد… سپریم کورٹ کے پانچ رکنی خصوصی بنچ کے روبرو این آراوعملدرآمدکیس کی اہم سماعت آج ہو گی۔ اٹارنی جنرل عرفان قادروزیراعظم راجہ پرویزاشرف کی جانب سے صدرآصف علی زرداری کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات کھولنے کے حوالے سے سوئس حکام کوخط لکھنے سے متعلق جواب دیں گے جبکہ نیب کی جانب سے عدنان اے خواجہ کی تقرری کے حوالے سے حتمی رپورٹ پیش کی جائیگی۔آج ہی عدالت عظمیٰ کا 9رکنی لاجربنچ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیرحسین حقانی کی جانب سے امریکی فوج کے سربراہ مائیک مولن کولکھے گئے مبینہ مراسلے کے مشہورمیموگیٹ اسکینڈل کیس کی بھی سماعت کریگا۔ 12جولائی کو این آراوعملدرآمدکیس کیلئے پانچ رکنی خصوصی بنچ تشکیل دیاگیاہے جس کے ارکان میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس اعجازافضل خان ،جسٹس اعجازاحمدچوہدری ،جسٹس گلزاراحمداورجسٹس محمد اطہر سعید شامل ہیں۔ سماعت دن دوبجے شروع ہونے کا امکان ہے۔