12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:54
عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھر میں وکلاء کا احتجاج
جیو نیوز - کراچی… عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھر میں وکلاء کا احتجاج جاری ہے۔ سندھ ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلاء کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے رہ نماوٴں نے کل توہین عدالت قانون اور دہری شہریت کے قانون کیخلاف عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جس پر آج ہائی کورٹ ، سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے جس کے باعث مقدمات کی سماعت نہیں ہوسکی۔ ادھر سٹی کورٹ میں جنرل باڈی اجلاس بھی کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ توہین عدالت بل منظور ہونے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے وکلاء آج عدالتی بائیکاٹ کر رہے ہیں۔ وکلا کی ہڑتال کے باعث دور دراز سے آنیوالے سائلین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ عدالتوں سے اگلی تاریخیں حاصل رہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان میں ڈسٹرک بار کے تحت توہین عدالت بل کے خلاف وکلا کا عدالتی امور کا بائیکاٹ کیاجارہاہے۔ چیچہہ وطنی میں بھی توہین عدالت بل کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اورعدالتی امورکابائیکاٹ کیاجارہاہے۔ ملتان کے وکلا بھی مکمل ہڑتال کرتے ہوئے عدالتوں میں بھی پیش نہیں ہوئے۔ ضلع کچہری اور ملتان ہائیکورٹ کے وکلا نے بار رومز میں احتجاجی اجلاس بلائے جس میں توہین عدالت بل کی منظوری کو عدلیہ کے خلاف ایک سازش قرار دیا اس موقع پر وکلا کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے ایک آمر نے عدلیہ پر حملہ کیا اور اب جمہوری حکومت نے توہین عدالت کا بل پاس کر کے عدلیہ کی آزادی کو سلب کرنے کی کوشش کی ہے جس کی وکلا پر زور مذمت کرتے ہیں قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے توہین عدالت بل کے خلاف آج خیبر پختونخوا کی وکلاء برادری عدالتی بائی کاٹ کررہی ہے۔بائی کاٹ کی کال خیبر پختونخوا بار کونسل نے قومی اسمبلی میں توہین عدالت بل کی منظوری کے خلاف دی ہے۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کی تمام عدالتوں میں آج عدالتی بائی کاٹ کیا جارہا ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پشاور کے صدر وکیل زمان نے جیونیوز سے گفت گو میں بتایا کہ توہین عدالت کا بل آئین سے متصاد م ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے ایک ہونا چاہئے۔ قانون میں صدر ، وزیراعظم اور عام آدمی کے درمیان کوئی امتیاز نہیں ہونا چاہئے۔ وکیل زمان کا کہنا تھا کہ آئین سے متصادم قانون سازی کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔