تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:43

کوئٹہ: ساری اہم وارداتیں پولیس ایریا میں ہوتی ہیں،چیف جسٹس

جیو نیوز - کوئٹہ… چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بلوچستان میں امن و امان سے متعلق کیس میں ریمارکس دئے ہیں کہ پولیس صوبے میں امن وامان قائم کرنے میں مکمل ناکام کوچکی ہے، وہ جو کام کرنا چاہیں وہ کرلیتے ہیں،چیف جسٹس نے آئی جی پولیس کو دالبندین سے ایک مغوی کی بازیابی کے لئے کل تک کا وقت دے دیا ۔ چیف جسٹس نے یہ ریمارکس سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران دالبندین سے اغوا کئے گئے محمودالحسن نامی شخص کی اہلیہ کے بیان کے بعد دئیے، جس کا کہنا تھا کہ دالبندین میں جن لوگوں نے اسکے شوہر کو اغواء کیا وہ آزاد گھوم رہے ہیں اور پولیس سمیت کسی کو دالبندین کے فیصل ٹاون کے علاقے میں جانے کی ہمت نہیں ہے، پولیس والوں کو خود اپنے بچوں کی جانوں کا خطرہ ہے، جس پر چیف جسٹس نے آئی جی پولیس کو حکم دیا کہ وہ خود جائیں اور اسے بازیاب کرائیں اور وہ تین لائن لکھ کر دیں کہ کل وہ مغوی کو لارہے ہیں،سماعت کے دوران چیف جسٹس کے ریمارکس تھے کہ لوگ تڑپ رہے ہیں، مررہے ہیں،پولیس کے پاس پانچ فیصد علاقہ ہے اور وہ اس میں ناکام ہے جبکہ لیویز کے پاس 95فیصد ہے اور وہاں جرائم کی شرح کم ہے، ساری اہم وارداتیں پولیس ایریا میں ہوتی ہیں،اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نصیب اللہ بازئی کا کہنا تھا کہ اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہیں لیکن بعض کیسز میں کامیابیاں بھی ہوئی ہیں،،چیف جسٹس نے آئی جی پولیس سے کہا کہ انہیں کیسز پر اپنی رٹ دکھانی ہے، جو زیرو پر چلی گئی ہے،لوگوں کو کسی کا کوئی خوف نہیں ہے، نہ پولیس کا، نہ لیویز اور نہ کسی اور کا، ہر کوئی چاہتا ہے نوکری ہوجائے، وقت گزرجائے۔ چیف جسٹس نے ایک موقع پر ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کو مخاطب کرکے کہا کہ پولیس کی ناک کے نیچے جرائم ہورہے ہیں، جس پر ان کا کہنا تھا کہ دو روزقبل اغواء ہونے والے جامعہ سلفیہ کے ڈائریکٹر کی بازیابی کے لئے کوششیں جاری ہیں جبکہ مغوی مکیش کوہلی کی بازیابی میں بھی پولیس کی کوششیں ہیں جس پر جسٹس خلجی عارف حسین نے کہا کہ وہ تو پیسے دے کر آئے ہیں، وہ کیا باتیں کررہے ہیں، ڈی آئی جی کا جواب تھا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ مغوی کی زندگی کوبچایاجائے ورنہ وہ اپنی کارکردگی اور نمبر بنانے کے لئے بہت کچھ کرسکتے ہیں، چیف جسٹس نے جس پر کہا یہ نہیں والی بات مت کہیں ، آپ کو بندہ کیوں نہیں ملا،،اس موقع پر چیف جسٹس نے یہ ریمارکس بھی دئیے کہ بی ایل اے کا نام اپنی جان بچانے کے لئے لیتے ہو، بی ایل اے کوئی شخص نہیں ہے،سپریم کورٹ میں صوبائی وزیرداخلہ میر ظفراللہ زہری پر ایک شخص محمد حسین کے اغواء کے الزام کے حوالے سے اس کے والدین پیش ہوئے، ان کا الزام تھا کہ ان کا بیٹا صوبائی وزیر داخلہ کی تحویل میں ہے،جس پر وزیر کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل پر الزام غلط ہے، اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس انوسٹی گیشن نے بھی کہا کہ یہ کیس صرف صوبائی وزیرداخلہ کی حیثیت دیکھ کر ان سے رقم ہتھیانے کی سازش ہے، جس پر چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ اگر ظفراللہ زہری ملوث نہیں تھے توانہوں نے چالان کیوں کیا؟ جس پر ڈی آئی جی نے کہا کہ چالان کرائم برانچ نے کیاتھا، جس پر چیف جسٹس نے ڈی آئی سے کہا کہ انہوں نے غلط چالان پیش کیا اگر کیس غلط تھا توایف آئی آر کینسل کردینی چاہئے تھی، اور اگر انہیں لگتا ہے کہ کیس ٹھیک ہے تواسے چلائیں چاہے کوئی بڑا ہو یا چھوٹا، قانون سب کے لئے برابر ہے،اس موقع پر محمد حسین کی والدہ نے بیان دیا کہ یہ سارا کچھ انہوں نے خود کیا ہے، کراچی میں ہوٹل کے پیسے بھی انہوں نے خود دئیے اور اس کے بیٹے کا شناختی کارڈ بھی اسے پھنسانے کے لئے استعمال کیاگیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.