تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:44

ملک ریاض نئے قانون سے فائدہ اٹھانا نہیں چاہتے، وکیل

جیو نیوز - اسلام آباد… ملک ریاض حسین کے وکیل ڈاکٹر باسط نے توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کو دلائل دیتے ہوئے مقدمہ کے معاشرتی اور اخلاقی پہلوں کو بھی مدنظر رکھنے کی استدعا کی ہے، ڈاکٹرباسط کا کہناہے کہ توہین عدالت کا نیا قانون بنانے والوں کے ذہن میں کوئی مقاصد تھے تو نالائقی کی وجہ سے وہ بھی حاصل نہیں ہوئے ۔ جسٹس شاکراللہ جان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی تو ملک ریاض کے وکیل ڈاکٹر باسط نے دلائل جاری رکھے، انہوں نے کہاکہ جس قانون پر یہ کارروائی جاری ہے وہ ختم ہوچکا ہے، توہین عدالت کے نئے قانون پر صدر نے دست خط کردیئے ہیں،نئے قانون سے ملک ریاض کو فائدہ ہوا نہ ہی وہ اس سے فائدہ لینا چاہتے ہیں، ڈاکٹر باسط نے کہاکہ نیا قانون بنانے والوں کے ذہن میں کوئی مقاصد تھے تو نالائقی کی وجہ سے وہ بھی حاصل نہیں ہوئے، سال 1976 کا توہین عدالت کا ایکٹ مستقل قانون تھا، اس میں انٹراکورٹ اپیل پر توہین عدالت کی کارروائی رک جاتی تھی، 2003ء کے آرڈیننس کو آئین کے آرٹیکل 270 ڈبل اے سے تحفظ دیاگیا، سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے کہ پارلیمنٹ کسی غاصب کا قانون، مستقل نہیں کرسکتی،انہوں نے کہاکہ میرے لئے کسی نے توہین عدالت کا یہ قانون بنایا ہے تو مجھے قبول نہیں میں اسے رد کرتا ہوں، میں 2003ء کے آرڈیننس کے تحت ہی سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں، جسٹس شاکراللہ نے کہاکہ دیکھنا ہے کہ نئے قانون میں کارروائی کہاں سے اور کیسے شروع ہوتی ہے، ڈاکٹر باسط نے کہاکہ نیا قانون نہ بھی آتا تب بھی یہی طریقہ کار اختیار کیا جانا تھا،یہ عدالت اور بطور خاص چیف جسٹس، قومی اثاثہ ہیں، اس مقدمہ سے پہلے چیف جسٹس کی اخلاقی اتھارٹی کے پہلو بھی دیکھنا چاہیئں، قانون کی منشا ہے کہ معاشرے پر اثرات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، عدالت ، کارروائی سے پہلے مصلحت مدنظر رکھے جیسے کہ ارسلان افتخار کیس میں مدنظررکھی تھی، بعد میں سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.