13 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:17
بلوچستان کو اس کے حصے سے کم پانی دیا جارہا ہے، نواب ذوالفقار مگسی
جیو نیوز - کوئٹہ … گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو اس کے حصے سے 3 ہزار565کیوسک فٹ پانی کم دیا جارہاہے۔ گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کا کہنا ہے کہ صوبے کو کیر تھر کینال سے دو ہزار 400 کیوسک، پٹ فیڈر سے 800 کیوسک، اوچھر سے 190 کیوسک اور میلوتھی کینال سے 175 کیوسک پانی کم دیا جارہا ہے۔ گورنر مگسی کا کہنا تھا کہ پانی کی اس کمی سے لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچے گا اور زمینداروں کی حالت جو پہلے ہی لوڈشیدنگ کی وجہ سے دگرگوں ہے، مزید خراب ہوگی اور غربت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے نمائندے کی حیثیت سے صوبے کے عوام مسائل کے حل کیلئے ان کی جانب دیکھتے ہیں لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی دلچسپی نہیں لی جاتی اور نہ ہی اعتماد میں لیا جاتا ہے۔ گورنر نے توقع ظاہر کی کہ وزیر اعظم اس ضمن میں ذاتی دلچسپی لیں گے اور صوبے کے مسائل حل کریں گے تاکہ یہاں پایا جانے والا احساس محرومی کم کیا جاسکے۔