13 جولائی 2012
وقت اشاعت: 6:35
بہتر پاکستان اور بہتر میڈیا کا مقصد حاصل کرنے کیلئے ”جیو“ کے رہنما اصول
جیو نیوز - کراچی… پاکستان میں ایک بہتر اور ذمہ دار میڈیا کا مقصد حاصل کرنے کیلئے ”جیو ٹیلیویڑن نیٹ ورک“ اپنے لئے ایک ضابطہ اخلاق مرتب کررہا ہے۔ ہم نے جو اصول بنائے ہیں، وہ ہمارے لئے کسی طور زنجیر نہیں بلکہ ”زیور“ ہے اور زیور تو آپ کے حسن کو نکھارتے ہیں، اس میں اضافہ کرتے ہیں لیکن یہ اصول ہم نے بہت سوچ بچار اور تحقیق کے بعد وضع کئے ہیں۔ یہ اصول اور ضابطے دنیا بھر کے معروف میڈیا گروپس اور ریگولیٹری باڈیز سے لئے گئے ہیں۔ ”جیو“ آزادی، احتساب اور عوام کی جانب سے ملنے والے فیڈ بیک کا خیرمقدم کرے گا۔ یہ ہماری فلاسفی کا اہم ستون ہے، ہم ”جیو اور جینے دو“ کے اصول پر کاربند ہیں، ہم خوشحال پاکستان کے حامی ہیں۔ ایک ایسا خوشحال پاکستان جہاں ہم ترقی اور باوقار آزادی کی زندگی گزار سکیں۔ اس منزل کو حاصل کرنے کیلئے اور اپنے حصے کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ہم نے چند رہنما اصول طے کئے ہیں۔ جیو اصول دراصل ہماری روایات، اقدار اور مقاصد کی ترجمانی کرتے ہیں۔ جیو اصول چار اصولوں پر مشتمل ہیں (a)جیو منشور: ہمارے اقدار، ہمارے طے شدہ اصول (b)ٹیم جیو اخلاقی ہینڈ بیک (c)بہترین عمل: جیو اقدار کا عملی زندگی میں اظہار (d)مانیٹرنگ اور نفاذ کا طریقہ کار,صحافیوں، سول سوسائٹی، پروفیسرز، طلبہ، این جی اوز، وکلاء ، سیاسی و مذہبی رہنما، سرکاری عہدیداروں اور عام افراد کی طرف سے ملنے والے فیڈ بیک کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ یہ ناظرین اور ہمارے درمیان ایک اخلاقی و سماجی معاہدہ ہے، ہم ان طے شدہ اصولوں کی پاسداری کریں گے۔ یہ مجوزہ اصول ویب سائٹ geo.tv/asool پر موجود ہیں۔ ہماری ناظرین سے گزارش ہوگی کہ وہ ان اصولوں کو ایک مرتبہ ضرور پڑھ لیں اور ہمیں یکم اگست تک اپنی رائے سے آگاہ کریں۔ 14/اگست کو اس مسودے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ آپ کے فیڈ بیک کی شمولیت کے بعد اس کو بھی نافذ کردیا جائے گا۔