13 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:14
کوئٹہ ، کچلاک بازار دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد5ہو گئی
جیو نیوز - کوئٹہ … کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں بم دھماکے میں ایک بچے اور اے این پی کے رہنا ملک قاسم سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ اے این پی کے صوبائی صدر اور ان کی اہلیہ سمیت دس افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ کوئٹہ سے تقریبا بیس کلومیٹر کے فاصلے پر کچلاک کے علاقے میں وہاں جاری اے این پی کے جلسے گاہ کے قریب ہوا، دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے نتیجے میں ایک آٹھ سالہ بچے اور اے این پی کے رہنماء ملک قاسم سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دس افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں اے این پی کے صوبائی صدر اورنگزیب کاسی اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کو سول اسپتال اور سی ایم ایچ اسپتال منتقل کردیاگیا، دھماکے سے وہاں کھڑی دو گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں ،پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد 7کلو تھا جسے موٹر سائیکل میں نصب کیاگیا تھا۔ دوسری جانب پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، تحریک انصاف بلوچستان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے اے این پی کے جلسہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور زمہ داروں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے، وزیراعلی نواب اسلم رئیسانی نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کا حکم دیا ہے۔