13 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:46
ارسلان افتخار کی سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست
جیو نیوز - اسلام آباد… ڈاکٹر ارسلان افتخار نے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی ایک درخواست دائر کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک ریاض حسین کی طرف سے عائد الزامات پر نیب کی تحقیقات غیر قانونی ہیں جبکہ مشترکا تحقیقاتی ٹیم کے ارکان کا ملک ریاض سے تعلق ہے ۔ ڈاکٹرارسلان کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی نظرثانی درخواست میں کہاگیاہے کہ عدالتی احکامات پر درست عمل نہیں ہورہا ، عدالتی حکم میں اٹارنی جنرل کو کیس نیب کو دینے کا حکم نہیں تھا،اٹارنی جنرل نے عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کی ہے، جو جھوٹے الزامات عائد ہوئے اس کی کہانی کو اگر تسلیم کرلیں تو واقعات بیرون ملک ہوئے اور اسکا ایک کردار برطانوی شہری سلمان ہے، اس تناظر میں مشترکا تحقیقاتی ٹیم غیرقانونی ہے،درخواست کے مطابق ٹیم کے سربراہ کوثراقبال کا ماضی داغدار ہے، اسکا بحریہ ٹاوٴن کی ایگزیکٹو لاجز میں گھر ہے، ٹیم میں شامل ایس پی فیصل میمن کے ملک ریاض سے تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں، اس درخواست میں وفاق، ملک ریاض، علی احمد ریاض، بحریہ ٹاوٴن کو فریق بنایاگیا ہے، اس کے ساتھ متفرق درخواست بھی دائر کی گئی ہے جس میں چیئرمین نیب، سلمان احمد کو فریق بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔