13 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:7
حیدرآباد میں قیدیوں کا ہنگامہ،ایف سی کی فائرنگ سے قیدی ہلاک
جیو نیوز - حیدرآباد … حیدرآباد سینٹرل جیل میں قیدی سہولتوں کی عدم فراہمی کاالزام لگاتے ہوئے سراپااحتجا ج بن گئے۔ 5اہلکاروں کو یرغمال بنالینے کے بعد ایف سی کی کارروائی ،آنسوگیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک 6زخمی ہوگئے۔قیدیوں نے بیرکوں میں توڑپھوڑ شروع کردی۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب قیدیوں نے سہولتوں کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بیرکوں سے باہر آنا شروع کیا اور اسسٹنٹ جیلر سمیت پانچ اہلکاروں کو یرغمال بنالیا۔ہنگامی صورتحال کے باعث جیل میں ایف سی اور رینجرز کی نفری طلب کرلی۔اس دوران یرغمال بنائے گئے اہلکاروں کی رہائی اورقیدیوں کومنتشرکرنے کے لئے آنسوگیس کی شیلنگ اورہوائی فائرنگ کی گئی۔ گولی لگنے سے ایک قیدی ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔جیل میں ہنگامہ آرائی بڑھی تو قیدیوں نے تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والے اوزار بھی چھن لئے اور بیرکوں کی دیواریں اورگیٹ کی توڑپھوڑ شروع کردی جس سے پھانسی گھاٹ سمیت دیگرحصوں کو نقصان پہنچا اورخطرناک قیدیوں کے بھی باہر آجانے کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب واقعے کے خلاف قیدیوں کے اہلخانہ نے جیل کے باہر احتجاج بھی کیاہے۔