13 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:31
بیگناہوں کو قتل کرنے والوں کا کوئی مذہب نہیں،وزیراعظم
جیو نیوز - کوئٹہ… وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالا ت جلد ٹھیک ہو جائیں گے، بے گناہوں کو قتل کرنے والوں کا کائی مذہب نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ہر سانس ملک اور عوام کی بہتر ی کے لئے ہے، بلوچستان میں مخالفت کرنے والے مٹھی بھر لوگ ہیں، ناراض رہنماوں کے جائز مطالبات ماننے کے لئے تیار ہیں۔۔وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے یہ باتیں کوئٹہ میں صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ ، وہ اس مقام پر اللہ کی ذات کی مہربانی اور پارٹی قیادت کے اعتماد سے پہنچے ہیں، ان کی ہر سانس ملک اور عوام کی بہتری کے لئے ہے،، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں اور مسائل ہیں ، ہمیں دہشت گردی ورثے میں ملی، تاہم یہ بھی دیکھنا چاہئے کہ آج چار سوا چار سال کے پاس پاکستان کو فوڈ سکیورٹی ملی ہے اور ہم آج گندم ایکسپورٹ کرنے والا ملک ہیں، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک آمر نے پارلیمنٹ کے سارے اختیارات سلب کرلئے تھے جبکہ موجودہ صدر نے اپنے اختیارات بھی پارلیمنٹ کو واپس کردئے، ، اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جمہوری لوگوں کا راستہ ڈائیلاگ کا ہوتا ہے، وہ طاقت کے ذریعے معاملات کو سنبھالنے کی کوشش نہیں کرتے اور یہی کوشش صوبے میں بھی کی گئی ہے انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان اور توانائی کا بحران ان کی ترجیحات میں شامل ہے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجابی پشتون، بلوچوں، کشمیری اور سب نے مل کر بنایا ہے، اور اب اس کی حفاظت بھی انہی کو کرنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے والے لوگ مٹھی بھر ہیں، اور یہاں معاملات کو ہوا اور اشتہا دینے کی سازش ہورہی ہے، ہم سب نے پاکستان کی چھتری اور جھنڈے کے نیچے اکٹھے رہنا ہے۔