13 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:19
نیٹوسپلائی کی بحالی کے بعداہم ڈیل کی طرف جارہے ہیں، نویدقمر
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیر دفاع سید نوید قمر نے کہا ہے کہ بھارت کو سول جوھری ٹیکنالوجی دیتے وقت امریکہ کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ اِس کے خطے پر کیا اثرات ہو نگے، نیٹوسپلائی کی بحالی کے بعداہم ڈیل کی طرف جارہے ہیں، وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم کی دوڑ میں شامل نہیں راجا پرویز اشرف ان کے وزیر اعظم ہیں ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے خطے میں طاقت کا توازن قائم کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ کو چاہیے کہ بھارت کو سول جوہری ٹیکنالوجی فراہم کرتے وقت اِس بات کو مد نظر رکھے کہ جو مقاصد مشکل سے حاصل ہوئے ان میں وہ عدم توازن کا شکار نہ ہو جائیں ، ایک سوال پر کہ کیا ملک میں دہشت گردی کے واقعات نیٹو سپلائی کھولنے کی وجہ سے تو نہیں ہو رہے، اس پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وبا تو پہلے سے چلتی آرہی ہے اور یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ ختم ہوئی تھی اور دوبارہ شروع ہو گئی ، ایک اور سوال پر کہ ملک میں عدم استحکام محسوس ہو رہا ہے اس پر سید نوید قمر نے کہا کہ ہر ایک کے دیکھنے کا اپنا، اپنا اطریقہ ہے ان کا کہنا تھا آپ کو عدم استحکام نظر آرہا ہے جبکہ انہیں جمہوریت آگے بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے ، وزیر دفاع نے کہا کہ نیٹوروٹ بحالی کے بعد اب اہم ڈیل کی طرف جارہے ہیں اس ڈیل میں تجارتی و اقتصادی پہلووٴں کو بھی شامل کیا جائے گا، جب سید نوید قمر سے پوچھا گیا کہ آپ وزیر اعظم کی دوڑ میں شامل ہیں ان کا کہنا تھا کہ کوئی دوڑ نہیں راجا پرویز اشرف ان کے وزیر اعظم ہیں ۔