14 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:25
خیبر پختونخوا کابینہ:طلبہ میں 25 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی منظوری
جیو نیوز - پشاور … خیبر پختونخوا کابینہ نے آئل کمپنی کے قیام، صنعتوں کی بحالی کیلئے طویل المیعاد قرضوں کی فراہمی اور ذہین طلبہ میں 25 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پچاس واں اجلاس ہوا، جس میں نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلے کیے گئے۔ سینئر صوبائی وزیر رحیم داد خان نے اس بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال صوبے کے ذہین طلبا اور طالبات میں ایک ارب روپے کی لاگت سے 25ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ برآمدات میں مدد دینے والی صنعتوں کی ترقی کیلئے طویل المیعاد قرضے دینے کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ عنقریب صوبے میں آئل کمپنی بھی قائم کر دی جائے گی۔