15 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:37
کراچی میں ریسکیو کی گئی خاتون کا بیٹا بھی برآمد کر لیا گیا
جیو نیوز - کراچی…کراچی کے علاقے ڈیفنس بدر کمرشل میں ایک خاتون مبینہ طورپر اغواء کاروں سے بچ کر تیسری منزل کے چھجے پر پہنچ گئی جسے پولیس نے بچالیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر اطلاع ملی تھی کہ ایک خاتون خودکشی کی نیت سے تیسری منزل کے چھجے پر چڑھ گئی ہے جسے بچانے کے لئے درخشاں پولیس اور ڈیفنس اتھارٹی کاعملہ موقع پر پہنچا جس کے بعد پولیس نے فلیٹ کی گرل کاٹ کر اس خاتون کو بچالیا۔خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسے ایک آدمی نے مبینہ طور پر اغواء کیا تھا اور رات بھر اسے تشدد کا نشانہ بناتا رہا اس سے بچ کر یہ چھجے پر چڑھ گئی تھی۔ خاتون نے مزید بتایا کہ اسے اغواء کرنے والا اس کے بچے کو بھی اغواء کرکے لے گیا ہے ، بعدمیں درخشاں پولیس خاتون کو مزید تفتیش کے لئے تھانے لے گئی پولیس نے اس کے بچے کو بازیاب کر الیا ہے۔