16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:16
کراچی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کور کمیٹی کا اجلاس
جیو نیوز - کراچی… کراچی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کور کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں بلدیاتی قانون سے متعلق امور زیر غور ہیں۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ آغا سراج درانی کا کہناہے کہااگر ہفتہ دس دن اسی طرح پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی کور کمیٹی کے اجلاس ہوتے رہے تو اکتوبر نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرادیں گے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی کور کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلی ہاوٴس میں ہوا۔اجلاس میں ایم کیو ایم کی طرف سے فاروق ستار،سید سردار احمد، واسع جلیل ، ڈاکٹر صغیر احمد اور کنور نوید جمیل جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ ، اغا سراج درانی،ایاز سومرو اور مراد علی شاہ شریک ہوئے اجلاس میں بلدیاتی قانون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے بتایا کہ بلدیاتی نظام پر ایم کیو ایم کے ساتھ شق وار بات چیت جاری ہے، ایک دوسرے کو قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،آغا سراج درانی نے کہا کہ اگر ہفتہ دس دن اسی طرح اجلاس ہوتے رہے تو اکتوبر نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرادیں گے اوربلدیاتی انتخابات کے بعد عام انتخابات بھی کراسکتے ہیں ، اگر حکومت چاہئے تو سب کچھ کراسکتی ہے ، پیپلز پارٹی کے پاس مارچ تک کا مینڈیٹ ہے مارچ کے بعدنوے دن میں انتخابات کراسکتے ہیں ۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کو اعتماد میں لے رہے ہیں ، اس کے بعد بلدیاتی انتخابات پر تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے گا ایک سوال پر انھوں نے کہا میری خواہش ہے ناظم نہیں کراچی کا میئر ہونا چاہئے ۔ انھوں نے کہا قوم پرست اس لئے ناراض رہتے ہیں کیونکہ وہ انتخاب نہیں جیت سکتے۔