17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 9:46
سانحہ اچھرہ کے شہداء کی چاردریں،وردیاں گلی میں پھینک دی گئیں
جیو نیوز - لاہور… لاہور میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے خیبر پختون خوا کے 10جیل ملازمین کاہوسٹل سیل کردیا گیا ہے جبکہ شہدا کی وردیاں،جوتے اور خون آلود چادریں بے حسی کیساتھ گلی میں پھینک دی گئی ہیں ۔ لاہور کے علاقے اچھرہ رسول پارک میں چودہ جولائی کو دہشت گردی کی واردات میں خیبر پختون خوا کے زیر تربیت دس جیل ملازمین شہید ہوگئے تھے۔ تحقیقاتی اداروں نے ان کی رہائش گاہ سیل کرکے اہم شواہد گلی میں پھینک دیئے ہیں جن میں شہدا کی وردیاں،جوتے اور بستر کی خون آلود چادریں شامل ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ اشیاء شہدا کے ورثاء کے حوالے کی جائیں یا انہیں شواہد کے طورپر محفوظ کرلیا جائے ،، انہیں سڑک پر یوں پھینکنا افسوسناک ہے۔