17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 11:7
ممبئی حملہ کیس:بھارت جانے والے کمیشن کی کاروائی غیر قانونی قرار
جیو نیوز - راولپنڈی… انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کی تحقیقات کے لئے بھارت جانے والے کمیشن کی کاروائی کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ بھارت جانے والے کمیشن کو بھارتی گواہان پر جرح کی اجازت نہیں دی گئی، اس لیے کمیشن کی کاروائی غیر قانونی ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی رضا مندی سے کمیشن کو دوبارہ بھارت بھیجا جاسکتا ہے جو بھارت جاکر چار بھارتی گواہان کے بیانات قلمبند اور ان پر جرح کرسکتا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فیصلہ ممبئی حملہ کیس میں پاکستان میں گرفتار ملزمان کی جانب سے کمیشن کے خلاف دی جانیوالی درخواست پر دیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بھارت جانے والے کمیشن کو گواہان پر جرح کی اجازت نہیں دی گئی اس لئے کمیشن کی کاروائی کو غیر موثر قرار دیا جائے۔