18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 6:36
کراچی:ناگن چورنگی سے بچی کے اغواء کی کوشش شہریوں نے ناکام بنادی
جیو نیوز - کراچی…کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب مبینہ طور پر ڈھائی سالہ بچی کو اغوا کرنے کی کوشش شہریوں نے ناکام بنادی۔ پکڑے جانے والے شخص کا ذہنی تواز ن درست نہیں ہے،جبکہ پولیس نے بچی کو اصل والدین کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق ناگن چورنگی کے قریب فرنیچر مارکیٹ میں ڈھائی سالہ بچی کومبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کو شہریوں نے ناکام بنادیا۔ شہریوں نے ملزم کو مشکوک ہونے پر روکا اور پوچھنے پر کوئی تسلی بخش جواب نہ ملنے پر مبینہ ملزم جہانزیب کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزم کو مناسب جواب نہ دینے کے باعث حراست میں لے کر تھانہ شارع نورجہاں منتقل کیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ بچی کو اپنے ساتھ لے جانے والے شخص کا ذہنی توازن درست نہیں ہے، پولیس نے ملنے والی بچی کو والدین کے حوالے کردیا۔ اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچی کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ ڈھائی سالہ منیبہ رات ساڑھے آٹھ بجے گودھرا کے علاقے سے غائب ہوئی تھی جس کے بعد اس کی تلاش شروع کردی تھی۔ اس موقعے پر لڑکے کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ جہاں زیب ذہنی مریض ہے اورگزشتہ روز گھر سے بھاگ گیا تھا۔